کاروار 30؍ اگست (ایس او نیوز)نومبر12اور 13کو شہر کاروار میں منعقد ہونے والے عظیم الشان 'ادیوگ میلہ"کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور اسے پوری طرح کامیاب بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کے لئے وزیر صنعت مسٹر آر وی دیشپانڈے نے بنگلورو میں ایک اہم نشست منعقد کی ۔ جس میں مختلف محکمہ جات کے افسران کے علاوہ کاروباری دنیا سے وابستہ شخصیات اور تنظیموں نے شرکت کی۔بنگلورو کے کھنیج بھون میں منعقدہ اس میٹنگ میں لیبر منسٹر روُدرپّا لمانی، ٹورزم منسٹرپریانکاکھرگے،کامرس اینڈانڈسٹریز محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈی وی پرساد،کامرس اینڈانڈسٹریس کے کمشنر گورو گپتا،ضلع شمالی کینر ا کے ڈی سی مسٹر این این نکوُل،ایڈیشنل ڈی سی ایچ پرسنّا،ادیوگ میلہ کے نوڈل افیسر سداشیو پربھو، الوا فاونڈیشن کے وویک الوا،کاسیا، فِکّی،اویک، آسو چام،بنگلورو چیمبر آف کامرس کے بشمول کئی تجارتی اور کاروبای اداروں کے ذمہ داران حاضر تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر آر وی دیشپانڈے نے بتایا کہ اس ادیوگ میلہ کو اس انداز سے منعقد کیا جائے کہ اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ نوجوان نسل کو ملنا چاہیے۔اس مقصد کے لئے بنگلورو میں موجود ہر شعبہ کی کمپنیوں کو کاروار کے اس ادیوگ میلہ میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا۔ممبئی اور گوا جیسے پڑوسی ریاستوں کے شہروں سے بھی کمپنیوں کو اس میلے میں شرکت کے لئے مدعو کیا جارہا ہے۔ اس بات کو نظر میں رکھتے ہوئے ویب سائٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کو اس پر رجسٹریشن کرلینا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ ملازمت کی تلاش میں ادیوگ میلہ میں حصہ لینے والوں کو ویب سائٹ پر نام رجسٹریشن کاموقع رہے گا۔ نام رجسٹریشن کا کام ابھی سے شروع ہوچکا ہے ۔ رجسٹریشن کرنے والوکے لئے orientationپروگرام بھی منعقد کیا جائے گا۔تربیتی پروگرام کے لئے ماہرین کو ریسورس پرسن کے طور پر مقرر کیا جائے گا۔ اس لئے شعبہ کامرس سے جڑے ہوئے اداروں اور تنظیموں کو چاہیے کہ وہ اس میلے کو کامیاب بنانے کے لئے ہاتھ بٹائیں۔ اس موقع پر ضلع شمالی کے کینرا کے ڈی سی مسٹراین این نکول نے ادیوگ میلہ کا مکمل خاکہ حاضرین کے سامنے پیش کیا۔